مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کیخلاف پی ٹی آئی نے الیکشن کمشن میں درخواست جمع کرادی
اسلام آباد (این این آئی) مریم نواز کو پارٹی عہدہ دئیے جانے کا معاملہ ، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے فیصلے کیخلاف باضابطہ درخواست جمع کرا دی ۔ ذرائع کے مطابق درخواست تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے تیار کی گئی ۔جمعرات کو بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب نے درخواست جمع کرا دی۔درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے (ن )لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ۔درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کی رو سے مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں ۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے ۔