• news

’’ایف بی آر کو ٹیکس دوست بنائیں گے‘‘ شبر زیدی نے اعزازی چیئرمین کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چارٹرڈ اکائونٹینٹ شبر زیدی کو اعزازی بنیاد پر چیئرمین ایف بی آر تعینات کر دیا گیا۔ انہیں وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد دو سال کے لئے تعینات کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ شبر زیدی ملکی کے علاوہ بین الاقوامی فورمز پر بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ نگران سیٹ اپ میں سندھ کے وزیر خزانہ بھی رہے ہیں، اس سے پہلے چیئرمین ایف بی آر کیلئے مجتبیٰ میمن کا نام لیا جارہا تھا۔ مختلف حلقوں کے اعتراض کے بعد حکومت نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا۔ شبر زیدی کی تعیناتی کے معاملے پر ایف بی آر میں شدید اختلافات تھے، وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے گزشتہ روز پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے ممبران کے تحفظات دور کرنے کے لئے ان سے ملاقات کی تھی۔علاوہ ازیں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس سسٹم میں لانے کی کوشش کی جائے گی ایف بی آر میں ٹیکس وصولیوں میں بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائیگا۔ جی ٹی پی میں ٹیکس کی شرح بڑھائی جائے گی۔ ایف بی آر کو ٹیکس دوست بنایا جائے گا۔ ایف بی آر کے موجودہ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ کام کی رفتار تیز کرنا ہو گی ٹیکس دینے والوں کو عزت دیں گے ان کا اعتماد بحال کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن