کوئی اکائونٹ بغیر اطلاع منجمد نہیں ہوگا، ہر کوئی آئی ایم ایف کی بات کررہا، پاکستان کی کرے: چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی کا کہنا ہے کہ بلیک اکانومی کو فارمل کرنا ہے۔ اعزازی چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے حکم نامے میں کہا ہے کہ ایف بی آر افسران کو ٹیکس گزاروں کو ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔شبر زیدی نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے قبل چیئرمین ایف بی آر سے اجازت لینا ضروری ہے، بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے 24گھنٹے قبل سی ای او کو آگاہ کرنا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلیک اکانومی کا حجم 20 فیصد سے زیادہ ہے، ہم نے ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو سسٹم میں لانا ہے، بلیک اکانومی کو فارمل کرنا ہے۔سالانہ بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ بجٹ کے لیے ابھی کوئی تاریخ فائنل نہیں ہوئی، ہم وہی کریں گے جو پاکستان کے لیے بہتر ہو گا۔شبر زیدی نے کہا کہ ہر بندہ آئی ایم ایف کی بات کر رہا ہے، آئی ایم ایف کی بات نہ کریں، پاکستان کی بات کریں۔