• news

سی پیک پر ہماری ترجیحات مختلف، مسئلہ کشمیر ہر فورم اٹھاتے رہیں گے: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کو مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2018ء میں مقبوضہ کشمیر میں 300 سے زائد کشمیری شہید ہوئے۔ مئی 2019ء تک 9426 کشمیری پیلٹ گنز سے متاثر ہوئے۔ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک حل طلب مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہم نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پاکستان میں چین کے سفیر لی جیانگ ژاؤ نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں فارمرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری کے لئے، چین کے ساتھ بہترین بیج سے لیکر ٹیکنالوجی کے تبادلے تک دو طرفہ تعاون کے خواہاں ہیں۔ کسانوں کو زراعت میں جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی دلانے کیلئے چائنہ سے جدید تربیت دلوائیں گے۔ کاٹن، آلو، مکئی، ہائبرڈ گندم، تربوز اور آم کی فصلوں کی بہتر پیداوار اور ترسیل کیلئے چین کی زرعی کمپنیوں کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے پاکستان کے زرعی شعبے میں بہتری لانے کیلئے چین کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود نے فارمرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر بہت سی گذشتہ حکومتوں نے کام کیا ہے۔ پہلی دفعہ اس منصوبے سے میری شناسائی پرویز مشرف کے دور میں ہوئی تب بھی میں وزیر خارجہ تھا اور ہم نے چین کا دورہ کیا۔ نواز شریف کی حکومت نے اس کو آگے بڑھایا مگر انکی ترجیحات الگ تھیں۔ ہماری حکومت کی ترجیحات مختلف ہیں، ہمارا مقصد چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں اور چھوٹے کاشتکاروں کو آگے بڑھانا ہے، زراعت کو مضبوط کرنا ہے۔ 26،27،28 کو چین کے نائب صدر پاکستان تشریف لا رہے جس میں زراعت کے حوالے سے خصوصی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ ہم چین کے ساتھ پی ٹو پی (پرائیویٹ ٹو پرائیویٹ) آگے چلیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ای ویزا کا کامیاب اجراء ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے، آن لائن ویزا سہولت سے ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات پر قابو پایا جا سکے گا۔ ای ویزہ ،آن لائن ویزہ سہولت کے حوالے سے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن ویزا کی سہولیات مکمل طور پر تمام مشنز میں آپریشنل ہو چکی ہیں۔ ای ویزہ سہولت کے آغاز سے اب تک ہمیں 1946 آن لائن ویزہ کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 1152 درخواست کنندگان کو ویزے جاری کر دیئے گئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ای ویزہ کا کامیاب اجراء ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ویزوں کے بروقت اجراء اور شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کیلئے ای ویزہ سہولت متعارف کروائی گئی ہے ۔ آن لائن ویزہ سہولت سے ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات پر قابو پایا جا سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن