افغانستان: چیک پوسٹوں پر طالبان کا حملہ‘ 24 فوجی ہلاک‘ متعدد زخمی
کابل(نیوز ڈیسک)صوبہ بادغیس میں طالبان نے سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کرکے 24 فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔افغانستان کے صوبے بادغیس میں طالبان کے سیکڑوں کے لشکر نے سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا، حملوں کے نتیجے میں 24 افغان فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ضلعی سربراہ فاضل صدیق صدیق نے فوجی جوانوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعہ کی صبح سیکڑوں مسلح شدت پسندوں نے ضلع بالا مرغاب کے علاقے جار آسیائے میں واقع سکیورٹی چوکیوں پر دستی بموں اور بڑے جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 24 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جب کہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں افغان فوج کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، 11 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔فاضل صدیقی کاکہنا تھا کہ حملوں کے جواب میں کئی شدت پسند بھی ہلاک ہوئے تاہم فوج کی اضافی نفری پہنچنے تک طالبان سیکیورٹی فورسز کی دو چیک پوسٹوں پر قبضہ کرچکے تھے۔