کرپشن الزامات ،2سری لنکن کرکٹرز معطل ، آئی سی سی نے 14روز میں جواب طلب کرلیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل نے کرکٹ کرپشن میں الزامات پر سری لنکا کے 2 کھلاڑی نوان زوئیسا اور اویشکا گوناوردھنے کو معطل کرکے 14 روز میں جواب طلب کرلیاہے، نوان زوئیسا اور اویشکا گوناوردھنے پر دسمبر میں یواے ای میں کھیلی گئی ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر 40 سالہ نوان زوئیسا کوڈ کی چارشقوں اور گونا ورد نے کو دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔ پیسر پر تحقیقات میں عدم تعاون، کرپشن کرنے اور کھلاڑیوں کو اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں زوئیسا کو اس سے پہلے نومبر میں بھی تین خلاف ورزیوں پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔