مد ثر نذر نے فاسٹ بائولر محمد عامر کو ورلڈ کپ کیلئے ضروری قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)گولڈن آرم سے عالمی شہرت حاصل کرنیوالے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے فاسٹ بائولر محمد عامر کو ورلڈ کپ کے لیے ضروری قرار دے دیا۔ورلڈ کپ 2019 کے باقاعدہ آغاز 30 مئی میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہوگا اور 23 مئی تک پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ میں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر رد و بدل کر سکتی ہے۔محمد عامر آصف علی کے ساتھ انگلینڈ سیریز کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ شاداب خان بھی اس وقت ٹیم میں شامل نہیں ہیں اور شاہین شاہ آفریدی سمیت بائولرز ایک دو سال سے کھیل رہے ہیں۔ مدثر نذر کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ محمد عامر کو ورلڈ کپ ٹیم میں ہونا چاہیے، وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وکٹیں لے کر فارم میں آئیں سخت محنت کریں کیونکہ محمد عامر تجربہ کار ہیں ان کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا بہت ضروری ہے۔پاکستان ٹیم 1982 سے لے کر اب تک انگلینڈ میں اچھا پرفارم کرتی آرہی ہے، چیمپیئنز ٹرافی میں آغاز اچھا نہیں تھا لیکن پھر بھی پاکستان ٹیم چیمپئن بنی۔ شاداب خان سے متعلق امید ظاہر کی کہ وہ ورلڈ کپ کھیلیں گے۔