مسلم لیگ ن اپوزیشن الائنس بنانے پر رضا مند، خواجہ آصف کو ٹاسک دیدیا
اسلا م آباد (صباح نیوز + این این آئی) اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن اپوزیشن جماعتوں کا باقاعدہ الائنس بنانے پر رضامند ہو گئی ہے ۔ خواجہ آصف کو اپوزیشن جماعتوں کا الائنس بنانے کا ٹاسک دیدیا گیاہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات سرپرست اعلی نواز شریف نے فضل الرحمان کو مجوزہ الائنس کا سربراہ بنانے کی منظوری بھی دیدی ہے۔ نواز شریف نے خواجہ آصف کو بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کی ہے ۔ نواز شریف نے اگست میں حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ پارٹی کو وارڈ کی سطح تک منظم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ دوروز قبل مسلم لیگ ن کے وفد نے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں انکے چیمبر میں ملاقات بھی کی ہے۔ ملاقات میں اہم ملکی سیاسی معاملات زیر غور آئے۔