منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے: عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال میں 80 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ شوکت خانم میں ہر مریض ڈاکٹر کیلئے وی آئی پی ہوتا ہے امیر یا غریب مریض میں کوئی فرق نہیں کیا جا تا کیا سرکاری ہسپتال میں صرف غریب جائیں گے۔ پرائیویٹ ہسپتال میں امیر سرکاری ہسپتالوں میں بہتری تب آئے گی جب سزا اور خدا کا نظام ہوگا پرانا نظام کرپٹ ہو چکا ہے۔ اس میں کوئی سزا، جزا کا نظام نہیں تھا جب تک سرکاری ہسپتال ٹھیک نہیں ہوتے غریبوں کو بہتر علاج نہیں ملے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں سزا اور جزا کا نظام لائیں گے، سرکاری ہسپتالوں کا سسٹم بند کرنے سے حالات بہتر نہ ہونگے پاکستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں یہی کلچر لیکر آئیں گے سرکاری ہسپتالوں کی بہتری میں کوئی رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ سرکاری ہسپتالوں کو نجی ہسپتالوں کے معیار کے برابر لایا جائے گا۔ اچھے ڈاکٹرز کو بہترین تنخواہیں دیں گے۔ القادر یونیورسٹی بنانا میرا بہت بڑا خواب ہے القادر یونیورسٹی سے نئی لیڈر شپ سامنے آئے گی پاکستان ایک عظیم بننے جا رہا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان لاہور پہنچے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور رمضان بازاروں میں سبسڈی پر بریفنگ دی وزیراعظم سے گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے ملاقات میں ملکی صورتحال اور پنجاب کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر بریفنگ دی گئی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کیا جائے ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف ماڈلز کو لاگو کیا جائے ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں شعبہ زراعت میں ترقی کیلئے منصوبے شروع کے جائیں گے میٹرو بس پر 12 ارب کی سسبڈی صحت اور تعلیم پر خرچ کی جا سکتی تھی۔ تمام ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہونا چاہئیں۔ سرمایہ کاروں کو ہر سہولت فراہم کی جائے حکومت کے پاس مالی وسائل محدود ہوتے ہیں حکومت پر بوجھ کم پڑے اس کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف ماڈلز کو لاگو کیا جائے۔ ہماری سب سے بڑی قوت ہماری افرادی قوت ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صباح نیوز کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں میں شوکت خانم جیسا میعار لائیں گے۔ شوکت خانم ایک عالمی معیار کا ہسپتال ہے 25 سال قبل قائم ہوا اور آج تک یہ ہسپتال وہی معیار برقرار ہی نہیں رکھ رہا بلکہ بہتر سے بہتر ہوتا جا رہا ہے اس لئے شوکت خانم کی ٹیم کو دل سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں میرا اپنا بھی اس ہسپتال میں دو فعہ علاج ہوا ہے یہ واحد ہسپتال ہے جہاں پیسہ نہیں بنایا جا رہا یہاں صرف خدمت خلق ہو رہی ہے۔ بعض لوگ سرکاری ہسپتالوں کے بہتر معیار کی راہ میں رکاوٹ ہیں میں ایسے لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ چاہتے ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں صرف غریب مریض ہی جائیں اور نجی ہسپتالوں میں پیسے والے لوگوں کا علاج ہو کیا یہ اپنے لوگوں کے ساتھ انصافی نہیں ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کا معیار گرتا جائے اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں پیسہ بنتا جائے جب تک ہم سرکاری ہستپال کا مینجمنٹ سسٹم ٹھیک نہیں کریں گے مریضوں کا بہتر علاج نہیں ہوگا سرکاری ہسپتالوں میں جزا و سزا کے نظام کے بغیر مینجمنٹ سسٹم نہیں آئے گا جو ڈاکٹر اور نرسز بہتر کام کریں گے ان کو ترقی ملے گی جو بہتر کام نہیں کرے گا اسے یا تو ترقی نہیں ملے گی یا پھر نکال باہر کیا جائیگا ۔ انشاء اللہ جب ہماری حکومت پانچ سال پورے کرکے گی تو سرکاری ہسپتالوں میں بھی نجی ہسپتالوں جیسا علاج اور ماحول ہوگا۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی جس میں انہیں اپنے محکموں سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔کابینہ ارکان نے وزیراعظم کو پنجاب میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کے تحت جاری منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر صوبائی کابینہ کے ارکان کو رمضان بازاروں کی سختی سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ارکان اور صوبائی وزرا سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے ان رمضان بازاروں کا دورہ کریں جو ان کے متعلقہ علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم عمران خان سے ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کرکے مختلف صوبائی امور بارے بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار نے وزیراعظم کو داتا دربار کے باہر ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں ابتک کی پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم کو شیلٹرز ہومز کی تعمیر مکمل ہونے کے حوالے سے بھی بتایا گیا ۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی تیاریوں پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی ۔وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کو شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری نہیں ہورہی بلکہ اس میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرز پر مینجمنٹ لارہے ہیں جو لوگ اصلاحات کے عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں وہ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عام آدمی کے ساتھ ظلم کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کیلئے عطیات دینے پر مخیر حضرات کا شکرگزار ہوں۔ فنڈ ریزنگ تقریب میں 20 کروڑ روپے کے ریکارڈ عطیات جمع ہوئے۔ شوکت خانم فنڈ ریزنگ افطار میں گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ تمام عطیات کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے استعمال ہوں گے۔
اسلام آباد(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے دوا ئوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں علاج کی سہولتوں کو معیاری اور آسان بنایا جائے، علاج معالجے کی سہولتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر نہ ہوں۔ بنی گالہ میں وزیرِ اعظم کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم نے ملک بھر میں صحت کی سہولتوں اوردواں کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت کے قومی پروگرامز، ہیلتھ کارڈ اور صحت سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی، ملک بھر میں طبی سہولتوں اور دواں کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں معاون خصوصی ظفر مرزا، سیکریٹری ہیلتھ زاہد سعید اور دیگر حکام شریک ہوئے، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفراللہ مرزا اور صحت حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم کو صحت سہولت کارڈز کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ملک بھرمیں نئے ہسپتال، پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اور بورڈ آف گورنر پر بھی غور کیا گیا، وزیر اعظم نے دواں کی قیمتیں عام لوگوں کی پہنچ میں رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک میں علاج کی سہولتوں کو معیاری اور آسان بنایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ علاج معالجے کی سہولتیں عام آدمی کی دسترس سے باہر نہ ہوں۔ ادویات کی قیمتوں پر مکمل چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے۔ وزیراعظم نے ڈریپ حکام کو ڈرگ پرائسنگ پالیسی بنانے کی ہدایت دیدی اور کہا کہ ادویات کی قیمتیں مناسب سطح پر لائی جائیں ادویات کی قیمتوں کی شارٹ، مڈ اور لانگ ٹرم پالیسی ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے ہیلتھ انشورنس کارڈ سے متعلق مالی اور قانونی پیچیدگیاں ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہیلتھ کارڈ پورے پاکستان میں پھیلانے کیلئے پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔ پاکستان میں نرسنگ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت شاندار نرسنگ سروس سٹرکچر بنایا جائے نرسز کی آسامیاں بڑھانے کے ساتھ سکالر شپ پروگرام متعارف کرائے جائیں 2030ء تک پاکستان میں دس لاکھ نرنسز تیار کرنے کا ہدف رکھا جائے سکولز، کالجز بڑھائے جائیں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نرسز کو بیرون ملک ملازمت اور باہر سے نرسز کو پاکستان لانے کیلئے پلان بنایا جائے۔