عملی طور پر حکومت کا وجود ختم ہو چکا ہے:مولا بخش چانڈیو
حید رآباد (آئی این پی)سیکریٹری اطلاعات پی پی پی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک میں عملی طور پر حکومت کا وجود ختم ہو چکا ہے، حکومت اختیار اور عملداری کو کہتے ہیں،نیا پاکستان بنانے کیلئے ملک آئی ایم ایف کو ٹھیکے پر دے دیا گیا ہے،سیکریٹر ی اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے پاس نہ اختیار ہے اور نہ ہی کسی شعبے پر حکومت کی رٹ ہے، انہوں نے کہا کہ خارجہ اور داخلہ امور پہلے ہی حکومت کے پاس نہیں تھے اب معیشت بھی آئی ایم ایف کو دے دی گئی، بجلی، گیس ،پیٹرول کے نرخ اور ٹیکس آئی ایم ایف طے کر رہا ہے، مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم حکومت کے نہیں پرائیویٹ سیکٹر کے وزیراعظم بن چکے ہیں،ہائوسنگ سوسائٹیز ہوں یا یونیورسٹیاں ، عمران خان پرائیویٹ سیکٹر کے منصوبوں کے افتتاح کرتے پھر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ خان صاحب کہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ پرائیویٹ سیکٹر پورا کرے گا، ادویات کی قیمتوں کے سکینڈل میں کسی بھی ادارے نے وزیراعظم کا حکم نہیں مانا۔