ماں انمول تحفہ، نعم البدل نہیں، بے مثال رشتہ ہے: اپوزیشن لیڈر، معاون خصوصی اطلاعات
کراچی (این این آئی+ صباح نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مئی کے دوسرے اتوار کو مائوں کا عالمی دن منایا گیا۔ ہر سماج، قوم، قبیلے اور مذہب میں والدین کو بنیادی اور کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ماں کا مرتبہ دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔ اسے کسی بھی گواہی کی ضرورت نہیں ہے کہ سچائی، اخلاص، ایثار کا مجسم ہے ماں! ماں کا چہرہ دنیا کا سب سے حسین چہرہ ہے کہ جسے دیکھنا خالق کائنات زیارت کعبہ کے مترادف قرار دیتا ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماں انتہائی انمول رشتہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں‘ نسلوں کو صحت مند اور تعلیم یافتہ بنانے کیلئے ماں کی تعلیم اور صحت کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ان عظیم ماؤں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ماں جیسی ہستی کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جس کی بدولت آج اس مقام پر ہوں۔ یہ سب ماؤں کی دعاؤں کا اثر ہے۔ ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے اتوار کے روز 12 مئی کو ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں ہر لمحہ ماں کی عظمت کا دن ہوتا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ماں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں کا رشتہ مقدس، پیار خلوص اور عظیم ترین قربانی کا مظہر ہے۔ ماں گھر بناتی ہے اور گھروں سے معاشرے تشکیل پاتے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماں کے بغیر دنیا اندھیر نگری بن جاتی ہے ۔قدرت نے ماں کا ایسا رشتہ بنایا ہے جس کی کوئی اور مثال نہیں۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں ماں کے مقدس رشتے ، اس کی عظمت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کا دن ہے-لیکن ہمارے مزہب اور معاشرتی اقدار کے مطابق تو ہر دن ہی ماں سے منسوب ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جو بلا شبہ ہر وقت اولاد کے دل میں بستی ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جس کے بنانے والے نے اس کے قدموں تلے جنت رکھی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ماں دکھوں اور مصیبتوں کے سامنے ڈھال بن کر بچوں کو سکھ دینے والا قدرت کا انمول تحفہ ہے۔