• news

زرداری کو ڈیل یا ڈھیل کے نزدیک دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید

اسلام آباد+ چشتیاں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو ڈیل یا ڈھیل کے قریب دیکھ رہا ہوں۔ آصف زرداری کا عمران خان کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں۔ آصف زرداری حساس ایشوز پر بلاول بھٹو سے بلوا رہے ہیں، خود بولیں۔ آصف زرداری کے علاوہ کوئی ایسا سیاستدان نہیں جو جیل کاٹ سکے۔ جیل آصف زرداری کی محبوبہ یا سسرال ہے، باقی لوگ ڈرے ہوئے ہیں۔ ہمیں خطرہ مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔ زرداری بھی شہباز والا معاملہ چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے پوری زندگی سیاستدانوں کو استعمال کیا۔ پہلی بار ہوا ہے کہ سیاستدان فضل الرحمن کو استعمال کررہے ہیں۔ فضل الرحمن وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والا مہا کھلاڑی ہے۔ شہبازشریف لندن گئے ابھی تک واپس نہیں آئے۔ عمران خان حکومت چھوڑ سکتے ہیں این آر او نہیں دیں گے۔ شہبازشریف نے نوازشریف کو پھنسا دیا ہے۔ دونوں بھائی برصغیر کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں۔ دو سال عوام کیلئے مشکل ضرور ہیں۔ امید ہے 2 سال تک ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔ شہبازشریف ڈیل کرنے کے ماہر ہیں۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہمارے لئے سیاسی خطرہ نہیں ، دونوں جماعتوں میں کوئی تیسرا بلاک نکل آیا تو کچھ نہیں کہہ سکتا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر نے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں بہاولنگر کے پی ٹی آئی رہنمائوں شوکت بسرا و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا سی پیک منصوبہ کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے دوران ساہیوال ملتان کی ریل پٹڑی کو فورٹ عباس، بہاولنگر، چشتیاں، حاصلپور، بہاولپور سمہ سٹہ سیکشن پر بچھایا جائے گا جس کے بعد نہ صرف عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا بلکہ ضلع بہاولنگر، ضلع بہاولپور کے 40لاکھ عوام کو تجارتی سامان و زرعی اجناس کی نقل وحمل و کراچی و اندرون سندھ کے آرام دہ سفر کی سہولتیں میسر ہونگی۔ شوکت محمود بسرا اور معظم علی نے وفاقی وزیر کے ساتھ ملاقات کے بعد تحریک انصاف ضلع بہاولنگر کے صدر ملک مظفر خاں، چشتیاں کے صدر ملک حبیب اللہ، سیکرٹری ملک محمد جاوید کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ عباس، بہاولنگر، چشتیاں، حاصلپور کے عوام سخت محرومی کا شکار ہیں چنانچہ اس منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ ترقی کی نئی شاہراہ پر گامزن ہوجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن