نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے، فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ 2019ء عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل اور وسائل کی دستیابی کا انقلاب برپا کرے گا انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2019پی ٹی آئی کے وعدے کی تکمیل ہے ۔پی ٹی آئی نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور عوام کو با اختیار بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت قومی معیشت میں بہتری لانے کی کوششوں میں مالیاتی تعاون کے حصول کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، عالمی بنک اور دیگر مختلف عالمی اداروں سے رابطے کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کی بحالی کے وسیع تر قومی مفاد میں تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔وزیراعظم عمران خان ریاستی اداروں او رمعیشت کو مستحکم بنانے کی سوچ رکھتے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے بھرتی پر عائد پابندی اٹھا لی ہے اور نئی آسامیوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔ نیا بلدیاتی نظام نئے پاکستان کی جانب پہلا قدم ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی پریشانی کا احساس ہے۔ مشکل وقت جلد ختم ہو جائے گا۔ وزیراعظم لانگ ٹرم معاشی پالیسی لا رہے ہیں۔ عوام کی طاقت سے سٹیٹس کو کو شکست دیں گے۔
اسلام آباد، فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی نظام کے حوالے سے پیش کیے گئے نئے قانون پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے حوالے سے وزیراعظم کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب صدر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی نااہل حکومت اکثریت نہ ہونے کے باوجود پورے نظام کو درہم برہم کرنا چاہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے قانون کے تحت یہ نالائق حکمران بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ ایک سال کے اندر اندر نئے انتخابات کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اب اس سے بھاگ رہے ہیں۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی جانتی ہے کہ ان کی نااہلی، نالائقی اور بدترین کارکردگی کی وجہ سے کوئی ان کو ووٹ نہیں دے گا اس لیے یہ الیکشن سے خوف زدہ ہیں، نااہل اور نالائق حکومت عوام پر ظلم کر رہی ہے۔پنجاب حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے، پنجاب میں لوکل گورنمنٹ نظام کے ذریعے پی ٹی آئی اپنی آمریت قائم کرنا چاہتی ہے کیونکہ پی ٹی آئی اکثریت نہ ہونے کے باعث یہ نظام مسلط کرنے جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے یونین کونسل سطح کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور سیاسی عدم استحکام کی سازش کی جارہی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ایک نئے سیاسی بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہے، مسلم لیگ (ن) اس قانون کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی اور عوام کے حقوق چھیننے نہیں دے گی۔رانا ثنا نے کہا کہ عالمی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں نیب عدا لتیں آزاد نہیں ایسے احتساب کو نہیں مانتے عمران ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے اس کے ہاتھ میں کچھ نہیں کبھی این آر او نہیں مانگا یہ خود ایک این آر او کی پیداوار ہے۔ پنڈی کے شیطان جہلم کے ڈبو سیالکوٹ کی ماسی مصیبت کی زبان بند نہ ہوئی تو جواب دینے کے پابند ہو نگے۔ وہ گزشتہ روز سابق سٹی میئر فیصل آباد ملک رزاق کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔