مقبوضہ کشمیر: مزید 2 نوجوانن شہید، انتحابی ڈرامے پر تعینات اضافی فوجی کمپنیاں امرناتھ یاترا کے بہانے رکھنے کا فیصلہ
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کو ضلع شوپیاں میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ستی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ شہیدنوجوانوں کی شناخت بشارت احمد اور طارق احمد کے طور پر ہوئی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کھاسی پورہ سے تعلق رکھنے والا طارق احمد سابق سپیشل پولیس افسر تھا جوگزشتہ سال 26اپریل کو پکھرپورہ پولیس چوکی سے اپنی سروس رائفل سمیت فرارہوگیاتھا۔دریں اثناء قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔واقعہ کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوںپر نکل آئے اور زبردست احتجاج کیا۔ بھارتی پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے رٹھسونہ سے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس کی بھاری تعداد نے رٹھسونہ می متعدد مکانوں پر چھاپے مارے اور تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے مسجد کے ارد گرد محاصرے جیسی پابندیاں ہٹانے باالخصوص جمعہ کے موقع پر بھارتی فورسز کو تعینات نہ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی تعداد میںبھارتی فورسز کی موجودگی سے نہ صرف نمازی خوفزدہ ہوجاتے ہیں بلکہ اس سے تاریخی جامع مسجد کی حرمت اور مرکزیت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انتخابی ڈرامہ رچانے کے لیے تعینات کی گئی بھارت کی سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی اضافی کمپنیوں کو اب امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کا بہانہ بناکر علاقے میںہی رہنے کے لیے کہاگیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وادی میں لوک سبھا انتخابات ختم ہونے کے باوجود فورسز کی زیادہ تر کمپنیاںیہاں ہی تعینات رہیں گی۔