• news

بلوچستان میں حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو سبوتاژ کرنا ہے: عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی+ صباح نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں فائیو سٹار ہوٹل پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستانی قوم اور اس کی سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کریں گی، بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کا مقصد ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، ملک میں اس طرح کے ایجنڈے کی تکمیل کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فورسز نے بروقت جوابی کارروائی سے قیمتی جانوں کو نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کارروائی میں شہید اور زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کو شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسی کارروائیاں پاکستان کی خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔ کارروائی سے اقتصادی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کسی صورت ایسے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستانی عوام اور سکیورٹی فورسز ایسے عناصر کو شکست دیں گے۔ دریں اثنا وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے گوادر میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان کے امن و ترقی کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں ناکام اور نامراد رہیں گے۔ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، اسے شکست دے کر رہیں گے۔ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے گوادر میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کچھ منفی عناصر بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے پر عمل پیرا ہیں جس کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ گوادر کے ہوٹل پر حملے کا مقصد سی پیک منصوبے کو ناکام بنا نا ہے، مگر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ صباح نیوزکے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے فائیو سٹارہوٹل گوادر پر حملوں پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی را اور افغان این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسی را ہمیشہ بی ایل اے کا ماسٹر مائینڈ رہی ہے۔ وزیراعظم مودی پہلے ہی بلوچستان میں دہشت گردوں کی معاونت کا سرعام اقرار کر چکا ہے۔ سری لنکا دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں نے بھی تربیت بھارت سے حاصل کی تھی۔ یہ اب واضح ہوچکا ہے کہ کیسے بھارت ہمسایہ ممالک میں امن خراب کرنے میں ملوث ہے۔ میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ زیادہ تر مِسنگ پرسنز لسٹ میں جعلی نام ہیں کہ پاکستان کو بدنام کیا جائے۔ حمال خان جسکا نام مِسنگ پرسنز لسٹ میں تھا گوادر ہوٹل حملے میں دہشت گرد نکلا۔ادھر مِسنگ لسٹ میں نام تھا ادھر حمال خان را سے دہشت گردی کی تربیت لے رہا تھا۔ را اور این ڈی ایس کے پاکستان مخالف گٹھ جوڑ اور سازشوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔
کوئٹہ( بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر فائیو سٹار ہوٹل پرد ہشت گردوں کے حملے کے دور ان سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاکستان نیوی کے سپاہی سمیت پانچ افراد شہید ،پاک فوج کے دو کپتانوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے ،ہوٹل کو دہشت گردوں سے کلیئر کروا لیا گیا۔ اتوار کو پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں واقعہ پی سی ہوٹل پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا جو ہوٹل میں موجود مہمانوں کو نشانہ اور یرغمال بنا نا چاہتے تھے تاہم حملے کے وقت داخل ہونے پر ہوٹل کے سکیورٹی گارڈزنے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں ہوٹل کے مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روک دیا جس کے بعد دہشت گرد سیڑھیوں کے راستے بالائی منزلوں کی جانب چلے گئے ۔دہشت گردوں نے ہوٹل میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ ظہور ،ہوٹل کے تین ملازمین فرہاد، بلاول اور اویس شہید جبکہ دو ملازمین زخمی ہوئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے پاک فوج اور نیوی کی کوئیک ری ایکشن فورسز اور پولیس فوری طور پر ہوٹل پہنچیں جس کے بعد ہوٹل میں موجود مہمانوں اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور دہشت گردوں کو چوتھی منزل کی راہداری میں محدود کیا گیا جبکہ عملے اور مہمانوں کی بحفاظت منتقلی کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کلیئر نس آپریشن شروع کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ بنا کر چوتھی منزل پر جانے والے تمام داخلی راستوں پر آئی ای ڈیز نصب کردی تھیںجس کے بعد سکیورٹی فورسز نے چوتھی منزل پر پہنچنے کیلئے خصوصی داخلی پوائنٹ بنایا اور تمام دہشت گردوں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا ،ساتھ نصب کی گئی تمام آئی ای ڈیز بھی ناکارہ بنا دی گئیں ۔دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان نیوی کے سپاہی عباس خان شہید جبکہ پاک فوج کے دو کپتان اور پاکستان نیوی کے دو سپاہی زخمی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کیلئے تحویل میں لے لی گئیں۔ ڈائر یکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آپریشن کی ذمہ دارنہ کوریج کر نے پر میڈیا کا شکر یہ ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر دہشت گردوں کو آپریشن سے متعلق لائیومعلومات نہیں مل سکیںجس سے سکیورٹی فورسز کو آپریشن باآسانی کرنے میں مدد حاصل ہوئی ۔

ای پیپر-دی نیشن