رمضان بازاروں کیساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی قیمتوں کی چیکنگ کی جائے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبائی انتظامیہ کو اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی موثر مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے اوروزیراعلیٰ نے اس ضمن میں پرائس کنٹرول کمیٹی اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ رمضان بازاروں کے سا تھ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اورعوام کو اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ مقرر شدہ نرخوں پر دستیاب ہونی چاہئیں - وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کے نرخوںمیں استحکام کے لئے موثر اقدامات ا ٹھائیں اور انتظامی اور متعلقہ محکموںکے افسران فیلڈ میں رہ کر صارف کو اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں ہیں اور ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں د ی جائے گی اور اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے لودھراں میں بجلی کی تار گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے گوادر کے ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی جرأت و بہادری کو سراہا ہے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔