زرداری کیخلاف 22 انکوائریاں، 6 انویسٹی گیشنز، 4 ریفرنسز زیر سماعت
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو پیشی سے 15دن کی مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے انہیں ہریش کمپنی کیس میں 16مئی کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو 16مئی کو پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے، آصف زرداری کو 16مئی کو نیب اولڈ ہیڈکوارٹر پیش ہونے کا کہا گیا ہے جب کہ انہیں ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، یہ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی ہے۔ اس سے قبل نیب نے آصف علی زرداری کو 9مئی کو طلب کیا تھا لیکن آصف علی زرداری نے پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے 15روز کی مہلت مانگی تھی تاہم نیب نے 15روز کی مہلت دینے سے انکار کردیا ہے۔ دریں اثناء قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف تمام کیسز اور انکوائریز کی فہرست تیار کرلی ہے جو رواں ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کے مطابق نیب نے جواب تیار کر لیا گیا ہے جس کے مطابق جعلی اکانٹس کیس کی کل 22انکوائریاں اور 6انویسٹی گیشنز جاری ہیں۔ نیب جعلی اکائونٹس کے 4ریفرنس پہلے ہی احتساب عدالت میں دائر کر چکا ہے جبکہ نوری آباد پاور منصوبہ، ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کی انکوائری ہو رہی ہے، میگا منی لانڈرنگ، پنک ریذیڈنسی اور واٹر سپلائی سکیموں کے ریفرنسز دائر ہو چکے ہیں جب کہ پارک لین، توشہ خانہ اور بلٹ پروف گاڑیوں کی انویسٹی گیشن جاری ہے۔ سابق صدر 5 مقدموں میں ضمانت پر ہیں۔