۔۔۔۔شکریہ عمران خان
روٹی ، کپڑا اور مکان ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔دہائیوں تک اس ملک اور اس کے تمام تر وسائل پر قابض سابقہ حکمران روٹی، کپڑا اور مکان کے پرکشش الفاظ کو صرف سیاسی نعرے کے طور استعمال کرتے رہے، عملی طور پر عوام کو ان ضروریات کی فراہمی کیلئے کوئی قدم نہ اٹھایا۔ان نعروں کو استعمال کرتے ہوئے غریبوں کا استحصال کیا اور قومی وسائل کی بے دریغ لوٹ کھسوٹ کے ذریعے یہ بنیادی ضرورتیں غریبوں کی پہنچ سے دور کر دیں۔کسی نے آشیانہ جیسی نام نہاد سکیموںکے ذریعے غریبوں کو لوٹاتو کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر غربت اور افلاس کے شکار لوگوں کا مذاق اڑایا۔برسوں تک ملک پرحکمرانی کرنے والے کرپٹ مافیانے غریبوں کو روٹی، کپڑا اور مکان تو نہ دیا لیکن غریب کے بچوں کے منہ سے نوالہ بھی چھینا اور ملک کو اربوں ڈالر کا مقروض بنادیا۔ترقیاتی منصوبوں کے نام حاصل کئے گئے قرضوں سے کرپٹ مافیا نے اپنی تجوریاں بھریںاور ملک و قوم کو کنگال کیا۔
اپنی چھت ایک نعمت ہے جس کا خواب ہر آدمی دیکھتا ہے۔ قومی دولت کے لٹیروں سابق حکمرانوںنے غریب کے اپنی چھت کے اس خواب کا بھی مذاق اڑایا اوران الفاظ کا سہارا لے کر اس کے جذبات سے کھیلتے رہے۔لیکن اب مدتوں بعد پاکستانی قوم کو ایک ایسا سچا، مخلص اور غریبوں کا درد رکھنے والا لیڈر اور حکمران نصیب ہواہے جو محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے اور غریبوں کو بھی اپنے ادھورے خواب پورے ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اور قوی امید ہے کہ عمران خان ہی ایسا لیڈر ہے جو غریب طبقات کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا حوصلہ، عزم اور ہمت رکھتا ہے۔ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل اعلان کیا تھاکہ وہ غریبوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے 50لاکھ گھر تعمیر کرے گا اور نوجوان کیلئے روزگار کے ایک کروڑ نئے مواقع پیدا کرے گا۔ وہ اپنے اس وعدے کی تکمیل کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت پنجاب میں پہلے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل اسی ضلع میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ کم آمدن والے افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ برسراقتدار آنے کے بعد انہوں نے عوام سے کیا جانے والے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ اوکاڑہ کے عوام اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ صوبہ پنجاب میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت پہلے پراجیکٹ کا آغاز ان کے شہر سے ہو رہاہے جس سے انہیں کم قیمت میں بہترین رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔
نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے عظیم منصوبے کی بدولت بے گھر افراد کو اپنی چھت ملے گی اور نوجوانوں کے روزگار کے حصول کا خواب بھی پورا ہوگا۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی خدمت کے ایجنڈے کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے اور عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے آغاز سے ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے۔ 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے بے مثال منصوبے کے آغاز سے تعمیراتی شعبہ سے وابستہ متعدد صنعتیں فروغ پائیں گی اور سماجی، معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ برسوں سے اپنی چھت کیلئے ترستے ہوئے لوگوں کو اپنا گھر نصیب ہوگا اور انہیں بھی احساس ہوگا کہ وہ بھی پاکستانی ہیں۔ نیا پاکستان غریبوں کیلئے خوشیوں کی نوید لے کر آئے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور تحریک انصاف کے منشور کے تحت نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم ملک کے کم آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کا ایک شاندار منصوبہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہیں اور یہ منصوبہ کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت مہیا کرنے کے ان کے ویژن کا آئینہ دار ہے۔پنجاب میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پر عمل درآمدکی قیادت تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید کر رہے ہیں جن کی نگرانی میں پنجاب ہائوسنگ ٹاسک فورس اور پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) مختلف شہروں میں اس سکیم کے آغاز کے حوالے سے سرگرم ہے۔ اوکاڑہ ، چشتیاں اور لودھراں میں اس سکیم پر کام کا آغاز کر دیاگیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، چنیوٹ، لیہ، سرگودھا، بھکر،جہلم اورخوشاب میں اراضی کے حصول کی کارروائی تیزی سے جاری ہے اور عید کے بعد ان شہروں میں گھروں کی فراہمی کیلئے درخواستیں طلب کرنے کا آغاز کر دیا جائے گا۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ان شہروں میں مذکورہ سکیم شروع کرنے کیلئے لے آئوٹ پلان کی منظوری اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیاہے۔
وزیرہائوسنگ میاں محمود الرشید پنجاب میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے اور اتفاق رائے سے تمام فیصلے کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اس ضمن میں ایک لیگل فریم ورک کی تیاری اور مختلف محکموں اور صوبے کے بڑے شہروں کے ترقیاتی اداروں کے قوانین میں مناسب ترامیم کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ یہ سارا عمل پرائیویٹ بلڈرز ڈویلپرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاوت سے مکمل کیاجا رہا ہے تاکہ اس سکیم میں پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت ، پراجیکٹس کی شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔
نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں پولیس اور فوج کے شہداء کی بیوگان کو بلامعاوضہ گھر فراہم کئے جائیں گے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مختلف ممالک بشمول سنگاپور اور چین کی تعمیراتی فرموں نے نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم میںکم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ان ممالک کے تعمیراتی تجربات سے سکیم کے معیار میں اضافہ کے علاوہ تعمیراتی جدت بھی پیدا ہوگی۔
٭٭٭٭