• news

جرمانہ معافی ‘پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئی ایچ ایف سے رابطہ کرلیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کے پرولیگ میں عدم شرکت پر ہونے والے جرمانے پر انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کرلیاہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ساتھ رابطہ کرکے پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی عدم شرکت پر ہونے والا جرمانہ ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا ہے پاکستان ہاکی اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے اور فنڈز کی عدم فراہمی کے سبب ٹیم پرولیگ میں شرکت سے محروم رہی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایف آئی ایچ پر واضح کیا گیا ہے پاکستان کا بین الاقوامی ہاکی میں ایک اہم مقام ہے اس لئے جرمانے پر نظر ثانی کی جائے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے پی ایچ ایف پر ہونے والا جرمانہ معاف کئے جانے کا قوی امکان ہے، تاہم اس حوالے سے فیصلہ ایف آئی ایچ کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ پرو لیگ میں عدم شرکت پر ایف آئی ایچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر 25 ہزار ڈالرز جرمانہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن