• news

باؤلنگ اچھی نہیں کرائی، سیریز میں کم بیک کرینگے: سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائیگا۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تین سو چوہتر رنز کا ہدف آسان نہیں تھا مگر فخر زمان اور آصف علی نے شاندار بیٹنگ کی۔ اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ بالرز آخری دس اوورز میں اچھی بالنگ نہیں کرسکے۔ بائولنگ اس معیار کی نہیں کرسکے جس کی توقع کی جا رہی تھی ۔ بلے باز وں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا خاص طور پر فخر زمان نے جیت کی بنیاد رکھ دی تھی تاہم بعد میں آنے والے بلے باز اسے قائم نہیں رکھ سکے ۔ دوسرے میچ میں ہونیوالی خامیوں کو دور کریں گے اور سیریز میں کم بیک کریں گے ۔ تیسرے میچ میں بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور سیریز برابر کرنے کی کوشش کرینگے ۔ میچ میں بنیادی فرق جوز بٹلر کی اننگز تھی ۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مگر جس طرح دوسری اننگز میں اتنا بڑا سکور کیا ہے امیدہے باقی میچز میں بڑے ہدف کے حصول کو یقینی بنائیں گے ۔ ورلڈ کپ سے قبل سیریز فائدہ مند ثابت ہوگی ۔ کھلاڑی ماحول سے ایڈجسٹ کر جائیں گے۔ اور یہاں کی پچز اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیند بازوں نے آخری 10 اوورز میں اچھی بائولنگ نہیں کی جس کی وجہ سے بڑا سکور بنا۔قومی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اتنے بڑے ہدف کے باوجود بلے بازوں نے بھرپور فائٹ کی۔حوصلے بلند ہیں اور باقی میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے ۔

ای پیپر-دی نیشن