اسد عمر کا اسلام آباد کے مکینوں کو بجلی اور گیس کے نئے کنکشن نہ دینے برہمی کا اظہار
اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر خزانہ اسد عمرنے اسلام آباد کے مکینوں کو بجلی اور گیس کے نئے کنکشن نہ دینے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اداروں نے عوامی مسائل کے کاموں کو مذاق بنایا ہوا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اسلام آباد کے مکینوں کو بجلی اور گیس کے نئے کنکشن نہ دینے پر توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ ہمارے اداروں نے عوامی مسائل کے کاموں کو مذاق بنایا ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ اداروں نے کام نہ کرنا ہو تو معاملہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے کھاتے ڈال دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایسے ہی جیسے حکومتوں کو کام نہ کرنا ہو تو معاملہ آئی ایم ایف کے کھاتے ڈال دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیر توانائی نے جس طرح اس اہم معاملے پر انداز اختیار کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک وزیر کو عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ایسا ہی رویہ اختیار کرنا چاہیے ۔ عمر ایوب نے کہاکہ اسلام آباد کے مکینوں کو ہر صورت میں بجلی اور گیس کے میٹر ملنے چاہئیںاس سلسلے میں ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں سی ڈی اے حکام کو طلب کیا جائے۔ڈپٹی اسپیکر نے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ کو بھیج دیا۔