• news

شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس نذر اکبر پر مشتمل دور رکنی ڈویژن بینچ نے شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جبکہ دیگر دو ملزمان سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ عدالت نے مجرموں کی صلح نامہ کے حوالہ سے اپیلیں مسترد کر دیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عمل کرتے ہوئے تین ماہ میں ملزمان کی اپیلوں پرفیصلہ سنایا ہے۔ ملزموں نے25 دسمبر 2012 کو کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں فائرنگ کر کے نوجوان شاہ زیب کو قتل کر دیا تھا ۔جبکہ سات جون 2013 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ ملزموں کو نوجوان شاہ زیب کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر سزائیں سنائی گئیں تھیں۔ ملزمان کی اپیل پر سندھ ہائی کورٹ نے مقدمہ سے انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کر دی تھیں۔ اس فیصلہ کے خلاف حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا گیا۔ جس پر سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے سندھ ہائی کورٹ کو تین ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن