ٹیلنٹ کی تلاش‘ سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ کیلنڈر کی تیاری شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے اگلے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈویژنل سپورٹس افسران ندیم قیصر، اکبر مراد، مسعودالحسن، خواجہ سیف الرحمٰن،ڈپٹی ڈائریکٹر ز شاہد نظامی، رئوف باجوہ، طارق وٹو اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں اگلے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور تجاویز دی گئیں، اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ کون کون سی گیمز کس کس موسم میں منعقد کرائی جاسکتی ہیں۔ ڈی جی سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کہا ہے کہ اگلے سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں بھی گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے تحصیل کی سطح سے کیلنڈر کا آغاز کیا جائیگا، سب سے پہلے تحصیل سطح پر کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہوں گے جس کے بعد ضلع، ڈویژن اور آخر میں پنجاب کی سطح پر مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے جائیں گے۔8سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر کی بحالی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا عظیم کارنامہ ہے، سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تعطل سے کھلاڑیوں اور قوم کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔