پاکستان 358رنز کا بھی دفاع نہ کرسکا، انگلینڈ نے تیسرا ون ڈے جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرا ون ڈے میچ 6وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریزمیںدوصفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ۔ میزبان انگلش ٹیم کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا ۔ گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغا زکیا ۔ دوسرے میچ میں سنچری سکور کرنے والے فخر زمان تیسرے میچ میں ناکام رہے اور پہلے ہی اوور میں صرف دو رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر جو روٹ کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ون ڈائون بابر اعظم بھی زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور پندرہ رنز بناکر کر س ووکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ امام الحق اور حارث سہیل نے سکور کو95رنز تک پہنچا یا ۔ حارث سہیل 41رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی ستائیس رنز تک محدو د رہی ۔ آصف علی نے 43گیندوں پر 52رنز بنائے تھے کہ چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔ فہیم اشرف تیرہ ‘شاہین شاہ آفریدی سات رنز بناسکے ۔ حسن علی اٹھارہ اور جنید خان صفر پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ کرس ووکس نے چار ‘ثا م کیوران نے دو ‘ڈیوڈ ویلی اور لیام پلنکٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ پاکستان نے 9وکٹوں پر 358رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں جیسن رائے اور جونی بیئر سٹو نے اننگز کا آغاز کیااور پاکستانی بائولرز کو بے بس کرتے ہوئے جیت کی بنیاد رکھی ۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 159رنز بنائے ۔ جیسن رائے 55گیندوں پر 76رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ دوسری وکٹ 234کے مجموعی سکور پر گری جبکہ جونی بیئر سٹو کو جنید خان نے 128رنز پر بولڈ کر دیا ۔ جوروٹ 43رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے ۔بین سٹوکس 37رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے ۔ معین علی46رنز جبکہ کپتان ایون مورگن 16رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ جنید خان ‘عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ نے ہدف چار وکٹوں پرپورا کر لیا ۔ جونی بیئر سٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ انگلینڈ نے دوسرا میچ جیتا تھا جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ سترہ مئی کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔