اشتعال انگیز تقاریر: حافظ سعید کے برادر نسبتی عبدالرحمن مکی گوجرانوالہ سے گرفتار‘ جیل منتقل
گوجرانوالہ /اسلام آباد/ لاہور (این این آئی+ خصوصی نامہ نگار) کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے نائب امیر اور سربراہ حافظ سعید کے برادر نسبتی مولانا عبد الرحمن مکی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم جماعۃ الدعو ۃکے سربراہ حافظ سعید کے برادر نسبتی عبدالرحمان مکی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کرلیا گیا ۔وزارت داخلہ کے مطابق عبدالرحمان مکی کی گرفتاری کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈا ئون کے سلسلے میں کی گئی جب کہ انہیں اشتعال انگیز تقریریں اور نقص امن عامہ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق مولانا عبد الرحمان نے کا لعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈا ئون پر گوجرانوالہ میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی اور انہوں نے عوام سے اپنی تنظیم فلاح انسانیت کے نام پر چندے کی اپیل کی۔وزارت داخلہ کے مطابق مولانا عبدالرحمان مکی نے ایف اے ٹی ایف کے اقدامات کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔یاد رہے کہ عبدالرحمان مکی عملی طور پر کالعدم جماعۃ الدعو ۃمیں نائب امیر تھے اور وہ اپنی جماعت کے سیاسی اور خارجہ امور کے نگران بھی مقرر ہیں۔ دریں اثناء کالعدم جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے تنظیم کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بھارت سرکار اور دیگر بیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلئے بزدلانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حافظ عبدالرحمن مکی پر اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے موقع پر بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے ان کی گرفتاری کا تحفہ پیش کیا گیا۔ حکومت کوچاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنے۔