ڈالر مہنگا بیچنے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ: وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس‘ آرمی چیف بھی ملے
لاہور (کامرس رپورٹر)کرنسی مارکیٹ میں زبردست اتار چڑھاو دیکھا گیااوپن مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر سوا دو روپے تک مہنگا فروخت ہوالیکن کلوزنگ پرانے ریٹ پر ہی ہوئی۔روپے کی قدر مزید کم ہونے کے خدشات کے باعث ڈالر کی خریداری بڑھنے سے مارکیٹ میں ڈالر کی دستیابی کم ہو گئی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر سوا دو روپے کے اضافے سے 146 روپے 25 پیسے کا بھی فروخت ہوا جو ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے تاہم ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق کاروباری اوفات کے خاتمے پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 144 روپے برقرار رہی لیکن یورو ایک روپے دس پیسے مہنگا ہو کر 162 روپے 90 پیسے اور برطانوی پونڈ 40 پیسے مہنگا ہو کر 187 روپے 40 پیسے کا ہو گیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے خاتمے پر ڈالر کی قدر 141 روپے 39 پیسے برقرار رہی یورو کی قدر 37 پیسے کی کمی سے 158 روپے 57 پیسے اور برطانوی پونڈ کی 48 پیسے کی کمی کے بعد 182 روپے 61 پیسے رہ گئی۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+صباح نیوز) حکومت نے مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنیوالی ایکسچینج کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی آئی بی کے علاوہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا وفد بھی شریک ہوا۔ اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت گروخت 38 روپے 35 پیسے ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں ملکی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ترجمان وزیراعظم ہائوس کے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔ ملاقات وزیراعظم ہائوس میں ہوئی جس میں ملکی سلامتی کے امور اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔