• news

محمد عامر کی عدم شمولیت، سلیکشن کمیٹی ٹیم انتظامیہ کی حکمت عملی پر ناراض

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر )پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی فاسٹ بائولر محمد عامر کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ کی حکمت عملی پرسخت خفا ہے۔قومی ٹیم تین ہفتوں سے انگلینڈ میں موجود ہے لیکن ابھی تک محمد عامر ایک بھی گیند نہیں پھینک سکے۔ ساری صورتحال نے سلیکٹرز کو پریشان کرنے کیساتھ ورلڈکپ میں فاسٹ بائولر کی شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔انگلینڈ کیخلاف سیریز میں موجودہ بولنگ اٹیک کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد اب محمد عامر کی شمولیت بہت ضروری سجھی جارہی ہے لیکن سلیکٹرز کی خواہش ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے محمد عامر کی فٹنس اور فارم کو ایک بار ضرور پرکھ لیاجائے۔ ورلڈکپ کی حتمی ٹیم میں ممکنہ تبدیلی کا فیصلہ بھی ون ڈے سیریز ختم ہونے تک موخر کردیا گیاہے۔ سترہ رکنی ٹیم میں سے واپس آنے والے دو کھلاڑی کون ہوں گے، اس کا اعلان اب21 یا 22 مئی کو کیاجائے گا۔تین کاؤنٹی میچوں کے ساتھ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی بائیں ہاتھ کے پیسر کو چیف کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے پلینگ الیون کا حصہ نہیں بنایا جو حیران کن ہے۔انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں محمد عامر کو میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے باؤلنگ کا موقع نہیں مل سکا۔ دوسرے ایک روزہ میچ سے قبل محمد عامر وائرل انفیکشن کا شکار ہو گئے۔ پھر چکن پاکس کی تشخیص ہونیپر وہ تیسرے میچ کے ساتھ اب چوتھے میچ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔دوسری جانب ٹیم کپتان سرفرازاحمد اور کوچ مکی آرتھر ون ڈے سیریز میں بولرز کی پٹائی پر سخت پریشان ہیں۔اور اب وہ محمد عامر کو ورلڈکپ میں شامل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ٹیم انتظامیہ کو یقین ہیکہ عامر کے مرض کی نوعیت زیادہ سنجیدہ نہیں اور اور وہ آخری ون ڈے میچ کھیل سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن