مودی کی قسمت کا فیصلہ پرسوں، بھارتی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ ہو گی
نئی دہلی(اے پی پی)بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں 19 مئی کو 6ریاستوں کے 55 حلقوں میںووٹنگ ہوگی، اس مرحلے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قسمت کا بھی فیصلہ ہوگا جو ریاست اتر پردیش میں بنارس کے حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں، تمام انتخابی مراحل میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔جمعرات کو ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں اتر پردیش، بہار، پنجاب، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال اور جھار کھنڈ کی ریاستوں کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام چندی گڑھ میں 19 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ بھارتی پارلیمنٹ کی نشستوں کی تعداد 543 ہے اور کسی بھی جماعت کو حکومت سازی کے لئے 272 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ 2014ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 282حلقوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سابق حکمران جماعت کانگریس کو محض 44 نششتیں ملی تھیں تاہم اس دفعہ صورتحال مختلف ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملک کی بیشتر ریاستوں میں سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بنارس میںسماج وادی اور بہوجن سماج پارٹی کی مشترکہ امیدوار شالنی یادو سے کانٹے کا مقابلہ ہے۔ اس حلقہ میں کانگریس کے امیدوار اجے رائے بھی میدان میں ہیں۔