امریکہ ، ایران کشیدگی پریشان کن، فوجی مہم جوئی بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے: دفتر خارجہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کو تحمل اور برداشت سے کام لینے کی کا مشورہ دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی فوجی مہم جوئی، بڑی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ طیارہ بردار بیڑے اور بمبار طیاروں کی تعیناتی سے متعلق امریکہ کے فیصلے نے کشیدگی میں اضافہ کیا اور مشرق وسطی کی ابتر سلامتی کی صورتحال مزید خراب ہوئی۔مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی فوجی کیمپ میں تبدیل ہوچکی ہے جہاں لوگوں کو نا انصافی ، حراساں کئے جانے اور بربریت کا سامنا ہے۔ بھارت کشمیر کے تنازعے کے بارے میں عالمی برادری کوگمراہ کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیرکے ہر مسئلے سمیت تمام معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنی جیلوں میں قید 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بہت جلد سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کی اچھی خبر سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے 50 پاکستانیوں کو گزشتہ روز امریکہ سے پاکستان واپس بھجوایا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی اس ماہ کی اکیس تاریخ سے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کا دو روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیراعظم آئندہ ماہ 13 سے 14 تاریخ کو بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر محمد فیصل نے اعتراف کیاکہ کئی وجوہات کی بنا پر افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل سست روی کا شکار ہے ۔پاکستانی لڑکیوں سے چینی باشندوں کی جعلی شادیوں کے معاملے پر پاکستان اور چین نے ملوث میرج بیوروز کیخلاف آپریشن شروع کر دیا۔ متاثرین چینی سفارتخانے یا پاکستانی آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین میں انسانی اعضاء کی فروخت کیلئے خواتین کی سمگلنگ کی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوئی