دباؤ کے باعث، ایران مذاکرات پر راضی ہو جائیگا، ٹرمپ: بزرگ شیطان امریکہ، اسرائیل کو شکست دینگے: وزیر دفاع
واشنگٹن( آن لائن + اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ دبائو اور ایران پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے بعد تہران واشنگٹن کے ساتھ بات چیت پرمجبور اور راضی ہوجائے گا۔'ٹوئٹر' پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے مشرق وسطی ٰکے حوالے سے اختیار کردہ پالیسی پراپنی انتظامیہ میں اختلافات کی خبروں کی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ اس میں شبہ نہیں کہ مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکارکرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے مگرایران کو اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔دوسری جانب ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حملے کی صورت میں فوجی تیاریوں کومکمل کرلیا گیا ہے۔ جنگ ہوئی تو امریکہ‘ اسرائیل اتحاد کو شکست دیں گے۔انہوں نے امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیا۔ وزیردفاع نے کہا علاقے اور خاص طور پر عراق اور شام میں دہشت گردوں کی شکست امریکا اور دہشت گردوں کے حامی ملکوں پر کاری ضرب ہے۔ دریں اثنا ایرانی فوج کے خاتم الانبیا ایئرڈیفنس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی رضا صباحی فرد نے تہران میں میزائل اور راڈار کی تیاری کے منصوبوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر کہا کہ ایران نہ صرف یہ کہ اپنی دفاعی ضرورت کے سبھی وسائل کو خود تیار کرتا ہے بلکہ دیگر ملکوں کی ایئرڈیفنس سسٹم کی ضروریات کو بھی پورا کرسکتا ہے۔نجف میں مذہبی رہنما نے عراق پر زور دیا ہے کہ وہ ایران امریکہ تنازعہ سے دور رہے اور "خود کو کسی بھی تنازعہ میں نہ جھونکنے کے حوالے سے عراقی عوام کی خواہش کی نمائندگی کرتے ہوئے کنارہ کشی کی پالیسی اختیار کرے"۔ایک سیاسی ذریعے کے مطابق مذہبی مرجع تقلید علی سیستانی نے عراقی صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے سپیکر کو پیغام بھیجا جس کا خلاصہ یہ ہے کہ عراق خطے میں بحران کے حوالے سے اجتناب کرے۔سیستانی نے زور دیا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی کشیدگی یا تصادم کے حوالے سے بغداد کا موقف خود کو دور رکھنا ہو کیوں کہ عراقی عوام اس بات کو مسترد کرتے ہیں کہ عراق خود کو کسی بھی تنازع میں جھونکے۔