عالمی جوہری ادارے نے ایرانی کارکردگی کی تصدیق کی پھر بھی پابندیاں لگا دی گئیں
ماسکو (اے پی پی) آسٹریا کے صدرالیگزینڈر وان ڈیر بیلین نے کہا کہ یورپ بشمول آسٹریا اور ہماری کمپنیاں بھی ایران مخالف امریکی پابندیوں کی زد میںآئی ہیں جسے ہم اشتعال انگیزی سمجھتے ہیں،عالمی جوہری ادارے نے 13 مرتبہ جوہری معاہدے سے متعلق ایران کی کارکردگی کی تصدیق کی تاہم اس کے باوجود ایران پر پھر سے پابندیاں عائد ہوئیں۔ آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وان ڈیر بیلین نے کہا ہے کہ ایران مخالف امریکی پابندیاں نہ صرف اشتعال انگیزی ہے بلکہ اس سے یورپی ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں۔آسٹریا کے صدر نے دورہ روس کے موقع پرروس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی پرافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپ ابھی تک ایران سے تجارت کے لئے کوئی قابل عمل نظام قائم نہیں کرسکا۔آسٹریا کے صدر نے کہا کہ یورپ بشمول آسٹریا اور ہماری کمپنیاں بھی ایران مخالف امریکی پابندیوں کی زد میںآئی ہیں جسے ہم اشتعال انگیزی سمجھتے ہیں۔الیگزینڈر وان ڈیر بیلین کا کہنا تھا کہ عالمی جوہری ادارے نے 13 مرتبہ جوہری معاہدے سے متعلق ایران کی کارکردگی کی تصدیق کی تاہم اس کے باوجود ایران پر پھر سے پابندیاں عائد ہوئیں۔ انہوں نے بغیر کسی قابل قبول ثبوت کے جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے عالمی معاہدوں پر بھروسہ اٹھ جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آسٹریا اور یورپی یونین ایران جوہری معاہدے کو بچانے کے حق میں ہیں۔