• news

عمران ڈمی وزیراعظم ملک آئی ایم ایف چلائے گا انوکھے لاڈلے نے معیشت تباہ کردی: پیپلز پارٹی

سکھر (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینیٹرز رہنما سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔ بے شرمی، نالائقی کی حد ہوتی ہے ان کی نااہلی سے ڈالر بڑھا ہے اگر ہماری غلطی تھی تو چئرمین ایف بی آر اور وزیر خانہ کو کیوں نکالا؟ اگست، ستمبر میں آئی ایم ایف کے پاس جاتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی ان کا ڈالر کی قیمت 20 فیصد بڑھانے پراتفاق ہوا ہے۔ 10 فیصد پہلے اور 10 فیصد بعد میں بڑھائیں گے۔ عمران خان ڈمی پرائم منسٹر ہیں ملک آئی ایم ایف چلائے گا۔ سڑک پر احتجاج سے معیشت کو نقصان پہنچے گا مگر اب حد ہو گئی ہے غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے گئی ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک چلانا انوکھے لاڈلوں کے باس کی بات نہیں۔ انوکھے لاڈلے نے معیشت تباہ کرکے رکھ دی۔ ایک بیان میں میں قمر زمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی پہلی معاشی ٹیم کی ناکامی کے بعد آئی ایم ایف کی ٹیم لائی گئی ہے ڈالر کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے وزیراعظم کے دعوے ہوا میں اڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومتی ترجمان ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی کم ہوئی ہے قمر زما کائرہ کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں روپیہ چالیس فیصد سے زیادہ گر چکا ہے لیکن حکومت سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ نیازی نے اقتدار کی لالچ میں ملک کو تباہ کر دیا ہے پاکستان میں عمران نیازی کی نہیں آئی ایم ایف کی حکومت ہے حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر اور اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نیازی حکومت کے خاتمے کی نوید ہے انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان جیسے درباری وزراء کی زبان درازیاں نیازی کوبچا نہیں سکتیں جبکہ مراد سعید جیسے مالشیئے بھی جلد مفرور ہونے والے ہیں۔مشیر خزانہ آئی ایم اف کی توقعات سے آگاہ ہیں حکومت معاہدے کی خفیہ شقیں چھپانا چاہتی ہے ڈالر کی فری فلوٹ سے پہلے ہی دن ڈالر کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوا ڈالر کی قدر بڑھنے سے بیرونی قرضہ 667 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن