عمران علیمہ باجی‘ جہانگیر ترین کی جائیدادیں حلال کرنے کیلئے ایمنسٹی لائے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم دینے پر وزیراعظم کو شاباش، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے علیمہ باجی کو سلائی مشینوں اور جہانگیر ترین کو مالی اور باورچیوں کے ذریعے کمائی غیر قانونی جائیداد قانونی بنانے کا ایک اور شاندار موقع فراہم کردیا ہے۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران صاحب ’حلال‘ ایمنسٹی سکیم لائے ہیں تاکہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین اپنی غیرقانونی جائیدادوں کو ایک بارپھر حلال کرا لیں۔ مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی سکیم میں عوامی نمائندے اور ان کے بیوی، بچے، بہن بھائی فائدہ نہیں اٹھا سکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی ’حلال سکیم‘ میں دانستہ یہ شق نکال دی گئی، اب عوامی نمائندوں کے بیوی، بچے، بہن بھائی بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں تاکہ علیمہ باجی ایک مرتبہ پھر فیضیاب ہوسکیں۔ ایمنسٹی سے اب سب سے زیادہ وہ اور ان کے دائیں بائیں بیٹھے چور فائدہ اٹھائیں گے۔ عمران نے پارلیمنٹ سے ایمنسٹی سکیم کی تفصیلات چھپائیں کیونکہ اپنی غیر قانونی بے نامی جائیدادیں قانونی کرانی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کی ایمنسٹی سکیم سے علیمہ باجی پہلے ہی فائدہ اٹھاچکی لیکن عمران صاحب نے ان کو جیل میں نہیں ڈالا۔ عوام ایک ہی ’’تبدیلی‘‘ چاہتے ہیں کہ اللہ تعالی اس ’’تبدیلی‘‘ سے نجات مل جائے۔لاہور میں افطار کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ مریم نواز کو پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی وہ نبھائیں گی عوام کی مشکلات پر لائحہ عمل پرسوں میٹنگ میں طے کریں گے مریم نواز مشکل وقت میں جمہوریت آئین کی بالادستی، عوام کیلئے کھڑی ہیں حکومت پہلے نواز شریف شہباز اب مریم نواز سے خائف ہے۔حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان کوئی اختلافات نہیں دونوں بہن بھائی مل کر پارٹی کو تقویت دیں گے نیب کا قانون کالا قانون ہے ایک آمر کا سیاستدانوں کیخلاف بنایا گیا ہے۔ علیم خان سمیت جو نیب کی گرفت میں آ رہا ہے اس پر افسوس ہے نیب نے مجھ پر الزام لگایا ہے وہ تین گھر مجھے دیدیں نیب سے اب بھی مانگ رہی ہوں معذرت خواہ ہوں مسلم لیگ ن نیب قانون میں تبدیلی نہ کریگی ۔