• news

ریکارڈ کی گمشدگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، نیب کی تردید

اسلام آباد ( نامہ نگار)قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایک اردو روزنامے میں شائع ہونے والے کالموں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کالمز میں کالم نگار نے حقائق کو درست انداز میں پیش نہیں کیا بلکہ بعض افراد اور مقدمات کے حوالے سے جو نتائج اخذ کئے وہ بھی درست نہیںکیونکہ وہ صرف عدالتِ مجاز کا اختیار ہے۔ صرف اس حد تک بات ہوئی کہ ہر تیار کردہ ریفرنس کو آئین اور قانون کے مطابق بلا تخصیص معزز عدالت مجاز کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھتا ہے اور آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔نیب اعلامیہ کے مطابق حکومت نے چئیرمین نیب کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے نہ صرف ضروری اقدامات کئے ہیں بلکہ ان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔یہ امر قابل غور ہے کہ نیب سے متعلقہ ریکارڈ کی گمشدگی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ ریکارڈ کو نیب سے باہر لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے اور یہ ناممکنات میں سے ہے ۔یہ درست ہے کہ چند گمشدہ فائلیںان مقدمات کے فیصلوں سے متعلق تھیں جن کو صادر کئے ہوئے کئی سال گزرچکے ہیں اور وہ قانون کی کتابوں میں رپورٹ شدہ ہیں ان کا نیب ریکارڈ سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔ نیب کی ہر کاروائی بلا امتیاز اورآئین و قانون کے مطابق ہے اور اس کا سیاست اور کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔نیب نے میڈیا سے کہا ہے کہ وہ نیب سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔نیب نے مثبت تنقید حکومت کی طرف سے ہو یا حزب اختلاف کی طر ف سے ہو ، اس کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے کیونکہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ نہ صرف اولین ترجیح ہے بلکہ ہم اسے اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن