کوئٹہ: بلوچستان میں طوفانی بارشیں، ندی نالے بپھر گئے، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق
کوئٹہ + لاہور (بیورو رپورٹ، صباح نیوز، آن لائن) کوئٹہ میں بارشوں کے باعث دیوار اور چھت گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت3 افراد جاں بحق ہو گئے، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی شاہراہیں بند ہو گئیں۔ ایک نوجوان موسیٰ خیل کی لوڑی تنگ ندی کے سیلابی پانی میں بہہ گیا۔سیلابی ریلوں کے باعث ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے، کھوسٹ ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں i9بہہ گئی،مقامی لوگوں نے گاڑی میں سوار 2 افراد کو بچا لیا، ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے بلوچستان کے مختلف اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی، ہرنائی پنجاب شاہراہ بند کردی گئی جب کہ پھلوں کے باغات اور فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں ہرنائی،سبی،بولان،کوہلو،بارکھان،دکی،پشین،قلعہ سیف اللہ،اور زیارت میں طوفانی بارشوں کے بعد کاروبارزندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ کوہلو میں موسلادھار بارش کے باعث سوناری رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ دکی میں طوفانی بارش سے فصلوں کو نقصان،کئی فصلیں بہہ گئیں۔ادھر لاہور، قصور، جھنگ، شورکوٹ، پیر محل سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے بھی لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ، قصور ،پیر محل، جھنگ، شور کوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش برسنے کی امید ہے۔مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے، بارش اور ہوائوں سے دن کے درجہ حرارت میں معمول سے 4 سے 6 ڈگری کمی ہو جائے گی۔