اختر آباد: زیر حراست ملزم پر تشدد ڈی پی او کا نوٹس، اے ایس آئی معطل
اختر آباد +راجووال ( نامہ نگاران )اے ایس آئی مشتاق کھچی کا زیر حراست ملزم پر تشدد،حالت خراب ہونے پر ڈی پی او کا نوٹس،معطل کر کے تفتیشی سمیت تین افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم کے نواحی گائوں پھلر ون وزیر کے رہائشی محمدامین کے مطابق اسکے بیٹے اللہ دتہ اور اسکے ہم زلف افتخار کو پنکھا وغیرہ چوری کے الزام میں گرفتار کروایا جسکی پنچائیت میں ثابت ہوا کہ سامان مدعی مقدمہ محمد خاں پھلر ون کے رشتہ دار نے چوری کیا ہے مگر محمد خاں نہ مانا اور افتخار کے والد سے لین دین کے رنج میں بے گناہ کو چالان کروانے پر بضد رہا اور تفتیشی اے ایس آئی مشتاق کچھی سے ساز باز ہو کر انسانیت سوز روائتی پولیس تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ اللہ دتہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہو گیا تو اسے حجرہ ہسپتال لے گئے جہاں سے جواب ملنے پر دیپالپور ٹی ایچ کیو ہسپتال اور پھر اوکاڑہ ڈی ایچ کیو ہسپتال لے گئے مگر اللہ دتہ کی حالت بد تر ہوتی گئی جسے بعد ازاں لاہور میو ہسپتال ریفر کردیا گیا جہاں وہ موت و حیات کی جنگ لڑ رہا ہے ،اسی دوران واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ اطہر اسماعیل نے فوری طور پر اے ایس آئی مشتاق کچھی کو معطل کر دیا اور اسکے سمیت مدعی مقدمہ محمد خاں اور مقصودخاں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔