• news

پاکستان میں بڑی معاشی طاقت بننے کی صلاحیت ہے‘ سفیر بلغاریہ

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاکستان سے سبکدوش ہونے والے بلغاریہ کے سفیر رومن پراجو نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں دس سال گزارے ہیں وہ پاکستان کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ گزشتہ شام ممتاز تاجر اور پاکستان فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر ظفر بختاوری کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر میں خطاب کرتے ہوئے بلغاریہ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں ایک بڑی معاشی طاقت بننے کی صلاحیت ہے۔ پاکستان اور بلغاریہ میں اس وقت 50ملین ڈالر سالانہ کی تجارت ہورہی ہے جس میں اضافے کی بڑی گنجائش ہے۔ تقریب سے پولینڈ کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے۔ اس کی بڑی اہمیت ہے۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے لیکن انشاء اللہ ملک جلد اس صورت حال سے نکل جائے گا۔ پاکستان میں معاشی اور علاقائی طاقت بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ۔ افطار ڈنر کے میزبان ظفر بختاوری نے کہا کہ بلغاریہ کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے پاکستان اور بلغاریہ کے تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ چاہتے تھے کہ پاکستان اور بلغاریہ میںمعیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ تقریب سے ظفر بختاوری کے صاحبزادے احسن بختاوری نے بلغاریہ کے سفیر اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں اسلام آباد چیمبر کے سابق اور موجودہ عہدیداروں اور ممتاز تاجروںنے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن