امریکہ سے جنگ نہیں چاہتے: خامنہ ای، ہر خطرے کا جواب دینگے: جواد طریف
تہران(اے پی پی) ایران کے مذہبی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ جنگ کا خواہاں نہیں ہے۔ یہ بیان ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی ہے۔ مذہبی پیشوا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایران کا واضح انتخاب واشنگٹن کے خلاف مزاحمت ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ تہران مسلح تنازعے سے بچنے کی امید رکھتا ہے۔ دوسری جانب جاپانی دورے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہم جوہری سمجھوتے پر کاربند رہیں گے اور ملکی سلامتی کے لئے ہر طرح کے خطرے کا بھی جواب دیں گے۔ جواد ظریف نے دورہ جاپان کے دوران وزیر اعظم شینزو آبے اور وزیر خارجہ تاروکونو کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ مذاکرات میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جوہری سمجھوتے کے تحفظ کے لئے حفاظتی تدابیر پر بات چیت بھی کی گئی۔ جواد ظریف نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات میں کہا ہے کہ ایران جوہری سمجھوتے پر قائم ہے لیکن اس سمجھوتے کے دوام کے لئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔امریکا کے ایران پر فوجی حملے کے خطرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ظریف نے کہا ہے کہ بلاشبہ ہم اپنا دفاع کریں گے اور اپنے ملّی دفاع کو درپیش ہر خطرے کا جواب دیں گے۔جاپان کے وزیر خارجہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایران اور امریکا کے درمیان تناو میں اضافے پر تشویش ہے اور جاپان اس تناو میں کمی اور مسائل کے حل کے لئے ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے۔