نوازشریف کی بریت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت 21 مئی کو ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت 21 مئی کو ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف قومی احتساب بیورو کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔عدالت عالیہ کا 2 رکنی بینچ 21 مئی کو نیب کی اپیل پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا، فیصلے کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، فلیگ شپ ریفرنس میں ابھی تک عدالت نے نوٹس جاری نہیں کئے۔