شاہ محمود کویت پہنچ گئے توانائی‘ تعمیرات‘ فوڈ سکیورٹی شعبوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے۔ اپنے دورہ کویت میں وزیر خارجہ کویت کے ساتھ ویزہ سمیت دیگر دو طرفہ امور پر گفتگو کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کویت روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دورے میں کویت کے وزیر خارجہ سے ون آن ون ملاقات ہوگی، بعد ازاں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، جن میں کویت کے ساتھ ویزہ سمیت دیگر دوطرفہ امور پر گفتگو ہوگی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگا، دورہ میں وہ امیر کویت کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی خط بھی پہنچائیں گے۔شاہ محمود قریشی کویت روانگی کیلیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر عام مسافروں کے راستے سے امیگریشن کائونٹر پہنچے، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے وزیر خارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنوائیں۔ دریں اثناء انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری عندیہ دیدیا، سرمایہ کاری کابڑاحصہ توانائی کے شعبے میں کیاجائیگا۔سرمایہ کاری کیلئے معاہدے کئے جائیں گے اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی جائیگی۔کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے مطابق اتھارٹی نے بلوچستان میں بھی سرمایہ کاری کیلئے حکومت کیساتھ ایم اویوپر دستخط کئے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں گھروں کی تعمیر میں بھی کویتی اتھارٹی نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس سے پہلے بھی کویت پاکستان میں سرمایہ کاری کرچکاہے، قابل ذکر منصوبوں میں میزان بینک شامل ہے۔کویت انوسٹمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے سرمایہ کاری کایہ دوسرا مرحلہ ہے۔اس مرحلے میں پاکستان میں بیس ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔