ورلڈ بیچ گیمز کی تیاریاں ‘ریسلر انعام بٹ نے حکومت سے مدد مانگ لی
لاہور (نمائندہ سپورٹس) ریسلنگ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے محمد انعام بٹ رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ بیچ گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ روزانہ چھ گھنٹے کی سخت تربیت کر رہا ہوں۔ واحد پاکستانی ہوں جو ایونٹ میں شرکت کریگا۔ حکومتی امداد کے بغیر کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوجا تا ہے ‘حکومت مدد کرے۔مقابلوں کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں۔ سخت محنت کی مثال میرا 10 کلو وزن کم ہونا ہے۔ ورلڈ بیچ گیمز میں اچھی کارگردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں لیکن ملک میں حکومتی سطح پر کوئی مدد نہیں کر رہا۔ میں اپنے ادارے واپڈا کی جانب سے کھیلتا ہوں جس سے دال روٹی چل رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مقابلے میں بھی شرکت کے لیے ایک کھلاڑی کا خرچہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپے آتا ہے جبکہ بین الاقوامی مقابلوں میں کوچ کے بغیر شرکت کی اجازت نہیں ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ اخراجات سات لاکھ تک پہنچ گیے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ رینکنگ میں میرا نام ڈھونڈنے پر بھی نہیں ملتا حالانکہ میں کئی بین الاقوامی مقابلوں میں عالمی رینکنگ والے کھلاڑیوں کو شکست دے چکا ہوں۔اس موقع پر انہوں نے شکوہ کیا کہ ملک میں صرف کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پیسوں کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کھیل کو حکومتی سرپرستی کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی سپانسرشپ حاصل ہے جبکہ کشتی سمیت باقی کھیلوں کو مکمل طور پر نطر انداز کیا جاتا ہے۔