وزراء کو خزانے کے استعمال سے روکا جائے، اے کے ڈوگر کا وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ کو خط
لاہور(وقائع نگار خصوصی) ماہر قانون اے کے ڈوگر نے وزراء کے قومی خزانے کو ذاتی مفاد میں استعمال کرنے سے روکنے کے لیے وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے عبوری حکم کے ذریعے وفاقی اور صوبائی وزراء کو قومی خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔وفاقی اور صوبائی وزراء کو ہائیکورٹ کے حکم نامے پر من وعن عملدرآمد کرنا چاہیے۔پاکستان میں وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ ، وفاقی، صوبائی وزراء گورنرز بڑے بڑے محلوں میں رہتے ہیں۔برطانیہ سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک میںوزیراعظم، وزراء اور ججز عام عوام کی طرح زندگی بسر کرتے ہیں۔پاکستان میں ان افراد کو عام طرزِ عمل کی مراعات دی جائیںتاکہ عدالتی حکم پر بھی عمل ہو۔