• news

اداروں کیخلاف نامناسب الفاظ سائبر دہشتگردی عدم ثبوت پر صحافی شاہ زیب جیلانی کیخلاف مقدمہ خارج

کراچی (صباح نیوز+ بی بی سی)کراچی کی مقامی عدالت نے صحافی شاہ زیب جیلانی کے خلاف سائبر دہشت گردی، الیکڑونک جعل سازی اور ریاستی اداروں کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے سے متعلق مقدمہ عدم ثبوت کی بنا پر ختم کردیا،متعلقہ صحافی نے کہا ہے کہ صحافیوں کی زبان بندی کے لیے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر مقدمات قائم کرنے سے گریز کیا جائے اس وقت ان کے لئے بہت اہم کام ہے، ایف آئی اے کو چاہیے کہ ان کیسز پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔ ۔ ہفتہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے مقدمہ کو سی کلاس قرار دیا جس کا مطلب ہے کہ ایف آئی آر میں درج الزامات کمزور ہیں اور مقدمہ قابل سماعت نہیں ہے۔ اس سے قبل چھ اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے مولوی اقبال حیدر نامی وکیل کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں ان پر پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف تبصرہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد پیش نہیں کئے لہذا مقدمہ سی کلاس کیا جاتا ہے۔ جس کے بعد عدالت نے شاہ زیب جیلانی کے خلاف درج مقدمہ ختم کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن