• news

ڈیرہ :پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دو ملزموں کو تین تین بار عمر قید‘4بری

غازی خان (بیورو رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے تھانہ کوٹ چھٹہ کے پولیس پارٹی پر فائرنگ کے مشہور مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا دو ملزمان کو تین با تین بار عمر قید اور مختلف دفعات کے تحت 10سال قید ، پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ اورتمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کر نے کا حکم سنایا ہے ،ایک مرکزی ملزم اشتہاری قرار جبکہ چارملزم بری کردئیے گئے استغاثہ کے مطابق 14فروری 2016کو ایس ایچ او تھانہ صدر عمران نواز بروہی نے چھوٹو گینگ کو بھاری مقدار میں اسلحہ کی کھیپ کی سپلائی کی اطلاع پر گینگ کا پیچھا کیا اور کوٹ چھٹہ کے نزدیک بھاری مقدار میں اسلحہ کے ڈمپر کو پکڑا تو سات ملزمان نے فائرنگ کر کے انسپکٹر عمران نواز بروہی کو شہید جبکہ دوسرے پولیس اہلکار کو زخمی کر دیا تھا جس پر پولیس تھانہ کوٹ چھٹہ نے مقدمہ نمبر 86/16درج کر کے 6ملزمان خالد کجلانی ،امجد ،طارق ،مدثر ،عبد الرشید ،سجاد شاہ کو گرفتار کر کے چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جبکہ مرکزی ملزم سجاد عرف سجی کوٹی کو فرار ہو نے کی وجہ سے اشتہاری قرار دیا تھا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے مقدمہ کی سماعت سینٹرل جیل ملتان میں کی جس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ملک زاہد حسین نے عدالت کی معاونت کی سماعت مکمل ہو نے اور جرم ثابت ہونے پر عدالت نے دو ملزمان امجد اور طارق کو تین ،تین مرتبہ عمر قید ،مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 108سال تین ماہ سزا اور پانچ ،پانچ لاکھ جرمانہ اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کر نے کی سزا سنادی اور دونوں ملزمان کو جیل بھجوادیا جبکہ چار ملزمان بری کر دیئے اور ایک مرکزی ملزم سجاد عرف سجی کوٹی کو اشتہاری قرار دے دیا ہے ۔دریں اثنا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے تھانہ چوک اعظم پولیس پر فائرنگ کے مقدمہ کا فیصلہ سنادیا، مقدمہ میں نامزد تین گرفتار ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 23 سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء سنادی، ملزمان پر فائرنگ کرکے اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا الزام عائد تھا ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ملک زاہد حسین کے مطابق تھانہ چوک اعظم ضلع لیہ کے مقدمہ نمبر 28/16 کا فیصلہ سناتے ہوئے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان محمد رضوان، محمد حسین اور غلام عباس کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 23 سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر مزید چھ، چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی عدالت نے ملزمان پر عائد ایک ایک لاکھ پر جرمانہ مضروبین کو ادا کرنے کا حکم دیا استغاثہ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ موٹرسائیکل ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب ملزمان ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں جس پر پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے گرفتاری کے خوف سے پولیس اہلکاروں پر اندھادھند فائرنگ کردی جسکی زد میں آکر اے ایس آئی نعیم لیاقت اور ایک کانسٹیبل محمد فاروق زخمی ہوگئے تھے پولیس تھانہ چوک اعظم نے ملزمان کیخلاف انسدادہشتگردی اور تعزیرات پاکستان کی دفعات337F2 اور 337F3 کے تحت مقدمہ درج کرکے مقدمہ کا چالان عدالت پیش کیا تھا

ای پیپر-دی نیشن