بلاول کا ڈنر: مسلم لیگ ن کی شرکت سے قبل مشاورت‘ آج اسلام آباد میں اجلاس ہو گا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن)کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کیلئے مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں۔ مریم نواز نوازشریف کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت کریں گی۔ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور مہنگائی کے خلاف ممکنہ احتجاج کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ مریم نواز اپنے داماد راحیل منیر کے گھر قیام کریں گی۔ آئی این پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر سے قبل مسلم لیگ (ن)کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن مشاورت اجلاس کیلئے مسلم لیگ (ن)کا موقف پیش کرنے پر مشاورت کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں مریم نواز ،کیپٹن (ر)محمد صفدر ،سینیٹر پرویز رشید ،سابق سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق، ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب حمزہ شہباز ، خواجہ آصف سمیت دیگر لیگی رہنماؤں نے شرکت کی۔