پنجاب: قانون ہاتھ میں لینے‘ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈائون ہو گا
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے اور پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی اور میں پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔ عثمان بزدارسے وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری نے ملاقات کی ،جس میں سیاسی امور اورمیڈیاکے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد چند دن کا مہمان ہے اوربہت جلد غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔پاکستان کے عوام باشعور ہیں ، باشعور عوام مستردعناصر کے منفی پراپیگنڈے اورجھانسے میں نہیں آئیںگے۔عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہاد کررہی ہے اور قوم اس مشن میں ہمارے ساتھ ہے۔انہوںنے کہا کہ معاشی صورتحال کی ذمہ دار سابق حکومتیں ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت خراب معیشت کو درست کرنے کیلئے کام کررہی ہے ۔مشکل فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کیے گئے ہیں۔ملاقات میں کہا گیا کہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے کا موثرانداز میں جواب دیا جائے گا اورسابق دور میںمختلف محکموں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کوعوام کے سامنے لایا جائے گااور حکومت اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی۔عثمان بزدار سے مشیر برائے اقتصادی امور و منصوبہ بندی ڈاکٹر سلمان شاہ نے ملاقات کی ،جس میں صوبے کی معیشت کو مضبوط اورمحکموںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیااورصوبے کی معیشت کو مستحکم اورمحکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور،ملتان اور راولپنڈی واسلام آبادمیٹروبس سروس کے منصوبوں کے آپریشنل اخراجات کم کرنے اور حقیقت پسندانہ بنانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں۔وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے آپریشنل اورمینٹیننس کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔کمیٹی کنٹریکٹ کا جائزہ لے کر7روز میں رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔عثمان بزدار سے سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں نمایاں کام کیا ہے۔ عثمان بزدار نے سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری مہر جیون خان، سینئر صحافی آغا محمد اکبر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔