گلگت بلتستان معاملہ‘ حکومت کسی کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے: جسٹس گلزار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس گلزار احمدنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے معاملے پر حکومت کسی کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے عدالت نے اٹارنی جنرل اور گلگت بلتستان بار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تحریری موقف میں تضاد ہے ، ایک درخواست میں حکومتی موقف کچھ اور ہے دوسری میں اور، گلگت بلتستان کے معاملے پر حکومت کسی کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے، اٹارنی جنرل آ کر بتائیں حکومت کا اپنا موقف کیا ہے، جسٹس عظمت سعید کا ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ میں کہنا تھاکہ حکومت ایک طرف فیصلے پر عملدرآمد کیلئے وقت مانگ رہی ہے، دوسری جانب حکومت اپنی تجاویز بھی سامنے لانا چاہتی ہے،عدالتی فیصلے پر نظرثانی کے بغیر حکومتی تجاویز پر عمل ممکن نہیں، حکومت قانون سازی کیلئے صدارتی آرڈیننس لا سکتی تھی، ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کرنا چاہتی ہے،اس دوران گلگت بلتستان بار نے نظرثانی درخواست واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے وکیل آج پیش نہیں ہوئے،عدالت نے اٹارنی جنرل اور گلگت بلتستان بار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔