• news

وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹکس علی محمد مہر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے

خانپورمہر(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سردارعلی محمدخان مہر انتقال کرگئے ہیں،وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی ،وزیراعظم عمران خان، سابق صدر آصف علی زرداری،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سردار علی محمد خان مہرکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے۔سردار علی محمد خان مہر کے خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سردار علی محمد خان مہرکی طبیعت خراب ہوئی تھی ،مقامی ڈاکٹر کو انکی رہائش گاہ پر بلایا گیا تھا۔مقامی ڈاکٹر کے مطابق سردار علی محمد خان کو دل کا دورہ پڑاہے جسکی بنا پر حرکت قلب بند ہونے سے انکی وفات ہوئی ہے۔سردار علی محمد خان مہر کے انتقال پر سوگ میں ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان پورکی تمام مارکیٹیں بند کردی گئیں۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد علی محمد خان مہر کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچ گئی ہے۔سردار علی محمد خان مہرپرویز مشرف کے دور میں سن 2002 سے 2004 تک سندھ کے وزیر اعلی بھی رہ چکے ہیں۔سردارعلی محمد خان مہر این اے 205آزادامیدوارکی حیثیت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی تھی ۔سردار علی محمد خان مہر12جنوری 1967میں پیدا ہوئے ان کی عمر 52سال تھی۔سردار علی محمد مہر سیاست کے ساتھ سماجی خدمات میں میں بھی سب سے آگے رہتے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیرعلی محمد مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔وزیراعظم نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب اوربلنددرجات کیلئے دعاکی۔صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وفاقی وزیر علی محمد مہر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہارکیاہے ۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعاکی اورغمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیاہے۔سابق صدر آصف زرداری نے سردار علی محمد مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کے ساتھ ساتھ انکے اہل خاندان سے تعزیت کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سردارعلی محمدخان مہرکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے۔سپیکر قومی اسمبلی‘ وفاقی وزراء اور دیگر نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن