سابق پنجاب حکومت کی بنائی 70 میں سے 30 پرائیوٹ کمپنیاں بند کرنیکی سفارش
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون وبلدیات راجہ بشارت نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کی قائم کردہ 70 میں سے 30 پرائیویٹ کمپنیاں بند کرنے کی سفارش کی جا رہی ہے جس سے پنجاب حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہو گی۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پرائیویٹ کمپنیوں کو بند کرنے یا جاری رکھنے کے حوالے سے امور زیر بحث لائے گئے۔راجہ بشارت نے کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے پرائیویٹ کمپنیوں کو خود کفیل بنانے کے حوالے سے ضروری امور نظر انداز کیے۔آج پتہ چل رہا ہے کہ ان کمپنیوں میں اربوں روپے کے قرضے واپس کرنے کی صلاحیت ہی نہیں،شاید یہ بوجھ بھی موجودہ حکومت کو اٹھانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ صرف وہی کمپنی کام کرے گی جو خود کفالت پر مبنی بزنس پلان کے ساتھ آئے گی اوربزنس پلان کے بغیر کسی کمپنی کو کام کی اجازت نہیں ہوگی۔ صوبائی وزیر قانون نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں ہدایت کی کہ تمام محکمے 14 جون سے پہلے باقی کمپنیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کر کے رپورٹ بھجوائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو تجویز دیں گے کہ پرائیویٹ کمپنیوں کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کے ذریعے واضح پالیسی بنائی جائے تاکہ اس مسئلے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔