ایف آئی اے مقدمات ‘سندھ ہائیکورٹ نے فریال تالپور کی درخواست مسترد کردی
کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی فریال تالپور کی ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمات کے خلاف درخواست مسترد کردی ،عدالت نے سابق صوبائی وزیر ضیا الحسن لنجار کی ضمانت میں بھی 9جولائی تک توسیع کردی۔عدالت نے درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پرفریال تالپور کی درخواست مسترد کی۔سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے کی گئی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔عدالت کو بتایا گیا کہ منی لانڈرنگ کیس ایف آئی اے سے نیب اسلام آباد منتقل ہوچکا ہے اس لیے ہائیکورٹ میں دائر درخواست غیرموثر ہوگئی ہے، عدالت نے غیر موثر ہونے کی بنیاد پرفریال تالپورکی درخواست مسترد کردی۔سندھ کے سابق صوبائی وزیر ضیا الحسن لنجار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملے کی سماعت بھی سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ درخواست ضیا الحسن لنجار کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ضیا الحسن لنجار کے خلاف تمام انکوئری مکمل کرلی ہے۔ریفرنس منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو بھیج دیا ہے، ملزم کے خلاف جلد ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔عدالت نے نیب حکام کو ضیا الحسن لنجار کے خلاف ریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9جولائی تک ملتوی کردی۔عدالت نے سابق صوبائی وزیر ضیا الحسن لنجار کی ضمانت میں بھی 9 جولائی تک توسیع کردی ۔